13 اگست 2014 - 14:35
اسلام آباد کے داخلی اور خارجی راستے سیل

پاکستان میں چودہ اگست کو پاکستان تحریک انصاف کے آزادی مارچ اور پاکستان عوامی تحریک کے انقلاب مارچ کو روکنے کے لئے وفاقی حکومت نے دارالحکومت اسلام آباد کے داخلی اور خارجی راستوں کو سیل کر دیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ پاکستان میں چودہ اگست کو پاکستان تحریک انصاف کے آزادی مارچ اور پاکستان عوامی تحریک کے انقلاب مارچ کو روکنے کے لئے وفاقی حکومت نے دارالحکومت اسلام آباد کے داخلی اور خارجی راستوں کو سیل کر دیا ہے۔ اسلام آباد سے موصولہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ رات سے ہی اسلام آباد آنے جانے والے تمام راستوں کو کنٹینرز اور خار دار تار لگا کر سیل کر دیا گیا۔ پاکستان کے سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں اسلام آباد موٹر وے کو بھی ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کیا جاچکا ہے۔ اسلام آباد شہر کی اہم سڑکوں پر کنٹینرز لگا کر پولیس کی بھاری نفری کو تعینات کیا گیا ہے، تاکہ کسی کو بھی اسلام آباد میں داخلے کی اجازت نہ دی جائے۔ سکیورٹی خدشات کے باعث شہر میں قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کی نفری میں مزید اضافہ کردیا گیا ہے۔ اسلام آباد شہر کی سکیورٹی کے لیے صوبہ پنجاب کی پولیس کے علاوہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر سے بھی مزید اہلکاروں کی نفری کو طلب کیا گیا ہے، جبکہ اس کے علاوہ نیم فوجی دستے بھی اپنی ذمہ داریاں سرانجام دے رہے ہیں۔ پاکستان کی وزارت داخلہ میں ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں لانگ مارچ کے دوران ممکنہ دہشت گردی کا خدشہ ہے، جس کے باعث سکیورٹی کو مزید سخت کرتے ہوئے پنجاب اور دوسرے صوبوں سے بھی قانون نافذ  کرنے والے اہلکاروں کی اضافی نفری کو بھی طلب کیا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پولیس کی چھٹیاں منسوخ کرتے ہوئے شہر میں تین مہینے کے لیے دفعہ 144 نافذ کی جاچکی ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲